کنگسٹن ( سپورٹس ڈیسک) قومی پیسر شاہین آفریدی نے حریفوں پر دباؤ برقرار نہ رکھنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے روز کے آخری سیشن میں پاکستانی باؤلرز کی جانب سے زیادہ بہتر باؤلنگ درکار تھی۔پی سی بی کی جانب سے جاری ویڈیو میں شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس باؤلرز ہوم بیٹسمینوں کیخلاف دوسرے روز کے اختتامی سیشن میں زیادہ بہتر باؤلنگ بھی کر سکتے تھے کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ دراصل سیشنز کا کھیل ہے ۔بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ آخری سیشن شروع ہونے سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان سے 69 رنز پیچھے تھی لہٰذا انہیں اس آخری سیشن میں زیادہ بہتر انداز سے باؤلنگ کرنی چاہئے تھی لیکن وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو زیادہ دیر تک دباؤ میں نہ رکھا جا سکا۔انہوں نے کریگ براتھویٹ کو عمدہ بیٹنگ کا کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈین ٹیم چوتھی اننگز میں بھی کم بیک کر سکتی ہے۔

