اہم خبریںکھیل

ایک صدی کے انتظار کا خاتمہ:آئی سی سی کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کیلئے سرگرم عمل

دبئی  ( اسپورٹس ڈیسک ) ایک صدی سے زائد عرصے کا انتظار ختم ہونے کو ہے کیونکہ آئی سی سی کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کیلئے سرگرم عمل ہو گئی ہے ،بولی دینے کیلئے ایان واٹمور کی زیر سربراہی اولمپک ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا، 2028ء کے لاس اینجلس گیمز سے عالمی کرکٹرز کو بھی ایکشن میں دیکھا جا سکے گا،آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ اولمپک بڈ کیلئے کرکٹ کا کھیل پوری طرح متحد ہے جس کا مقابلوں میں طویل المدتی مستقبل بھی دیکھ رہے ہیں جبکہ اکثرشائقین کی بھی یہی خواہش ہے ۔تفصیلات کے مطابق 2028ء کے لاس اینجلس اولمپکس سے شائقین کے طویل انتظار کا خاتمہ ہو جائے گا جو کھیلوں کے عالمی مقابلوں کے دوران کرکٹرز کو بھی ایکشن میں دیکھ سکیں گے کیونکہ اس مقصد کیلئے آئی سی سی نے ایک ورکنگ گروپ قائم کردیا ہے ۔آخری مرتبہ کرکٹ کا کھیل 1900ء میں اولمپکس کا حصہ بنا تھا جب انگلینڈ اور فرانس کی ٹیمیں مقابل آئی تھیں مگر اب اسے 2028ء کے لاس اینجلس گیمز سے مستقل طور پر اولمپکس میں شامل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس کے بعد 2032ء کے برسبین گیمز سے کرکٹ کا کھیل اولمپکس کا لازمی حصہ بن جائے گا اور اچھا اضافہ بھی ثابت ہوگا۔گورننگ باڈی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا کھیل بولی دینے کیلئے پوری طرح متحد ہے اور اسی وجہ سے وہ اس کا اولمپکس میں طویل المدتی مستقبل دیکھ رہے ہیں جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کرکٹ کے ایک ارب سے زائد پرستاروں میں 90 فیصد لوگ اس کھیل کو اولمپکس میں دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کھیل کا عالمی سطح پر فین بیس موجود ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں 92فیصد افراد کرکٹ کے رسیا ہیں جو امریکا میں موجود 30ملین شائقین سمیت اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو میڈل کی دوڑ میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا یہی مناسب وقت ہے کہ اس معاملے کو آگے بڑھایا جائے ۔ای سی بی کے چیئرمین ایان واٹمور کی زیر سربراہی آئی سی سی اولمپکس ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا ہے جس میں آئی سی سی کی آزاد ڈائریکٹر اندرا نوئی، زمبابوین کرکٹ کے چیئرمین ٹوینگوا موکولانی،آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر ڈائریکٹر اور ایشیائی کرکٹ کونسل کے نائب صدر مہندا والیپورم اور امریکی کرکٹ کے سربراہ پراگ مراٹھے بھی شامل ہیں جو کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کیلئے بولی میں معاونت کریں گے ۔لاس اینجلس گیمز سے کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کی کوششوں نے امریکی کرکٹ کو بھی فعال کردیا ہے جس کے حکام طویل عرصے سے کرکٹ کو ملک میں صف اول کے کھیلوں میں شامل کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کیا گیا تو امریکا میں اس کھیل کو کافی حد تک استحکام حاصل ہو جائے گا۔واضح رہے کہ انگلش کرکٹ اور بھارتی کرکٹ بورڈکے حکام کو کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت پر تحفظات رہے ہیں مگر کرکٹ کو دو ہزار بائیس کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی جگہ مل چکی ہے جبکہ آئندہ برس اپریل میں ای سی بی اور بی سی سی آئی حکام دو ہزار تیئیس سے دو ہزار اکتیس کے انٹرنیشنل سائیکل پر غور کیلئے ایک میز پر بیٹھیں گے تو ممکن ہے کہ کوئی مثبت حل نکال لیا جائے ۔اگرچہ ابھی تک فارمیٹ کے متعلق کچھ طے نہیں ہو سکا لیکن غالب امکان یہی ہے کہ اولمپکس میں ٹی ٹین میچوں کو قابل غور سمجھا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button