
ٹوکیو ( اسپورٹس ڈیسک ) اولمپک گیمز کے گیارہویں روز جمیکا کی ایتھلیٹ ایلین تھامپسن ہیراہ غیر متنازع اسپرنٹنگ کوئن قرار پائیں جب انہوں نے دو ہزار سولہ میں ریواولمپکس کی طرح جاپانی سرزمین پر بھی سو اور دوسو میٹرز ریس میں طلائی تمغے جیتنے کا ڈبلاعزاز حاصل کرلیا اور 21.53 سیکنڈز کا نیا جمیکن نیشنل ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب رہیں جبکہ سلور میڈل جیتنے والی نمیبیا کی کرسٹین ایمبوما نے اپنے ملک کیلئے اولمپکس میں دوسرا تمغہ یقینی بنانے کے ساتھ 21.81 سیکنڈز کا نیا انڈر ٹوئنٹی ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔گزشتہ روز آرٹسٹک جمناسٹک کے مینز پیرالل بارز مقابلوں میں جنگیان زو نے طلائی تمغہ جیتا اور ویمنز بیلنس بیم ایونٹ کا گولڈ میڈل چین کی چینچن گوان کے نام رہا جبکہ ان کی ہم وطن زائی جنگ ٹینگ سلور اور امریکا کی سائمون بائلز کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا جنہوں نے ذہنی صحت کے مسائل کے سبب کئی مقابلوں سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ مینز ہوریزونٹل بارکے مقابلوں میں جاپان کے ڈائیکی ہاشیموتو نے گولڈ میڈل یقینی بنایا۔ایتھلیٹکس کے ویمنز لانگ جمپ مقابلوں میں جرمنی کی ملائیکا میہامبو نے گولڈ میڈل جیتا تو مینز چار سو میٹرز ہرڈلز میں کارسٹین وارہولم نے ناروے کو دوسرا طلائی تمغہ دلا دیا۔مینز پول والٹ مقابلوں میں سویڈن کے آرمنڈ ڈوپلانٹس،ویمنز ہیمر تھرو ایونٹ میں پولینڈ کی انیتا ولڈرزائیک اور ویمنز آٹھ سومیٹرز دوڑ میں امریکا کی مو اتھنگ نے گولڈ میڈلز پر قبضہ یقینی بنایا۔مینز باسکٹ بال مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں سلووینیا نے جرمنی،امریکا نے اسپین،فرانس نے اٹلی اور آسٹریلیا نے ارجنٹائن کو مات دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ باکسنگ میں مینز فیدرویٹ باون سے ستاون کلوگرام کیٹگری میں امریکا کے ڈیوک ریگن اور روسی اولمپک کمیٹی کے البرٹ بیٹرگازیف جبکہ مینز ہیوی اکیاسی سے اکیانوے کلوگرام کیٹگری میں روسی اولمپک کمیٹی کے مسلم غازیماگومیڈوف اور کیوبا کے جولیو کروز نے سیمی فائنل میں کامیابی کی بدولت برانز میڈل یقینی بنا لیا جبکہ ویمنز فیدرویٹ میں چون سے ستاون کلوگرام کیٹگری میں جاپان کی آئری سینا اور مینز ویلٹرویٹ تریسٹھ سے انہتر کلوگرام درجہ بندی میں کیوبا کے اگلیسیاس رونیل نے طلائی تمغہ جیت لیا۔ کنوئے اسپرنٹ کے ویمنز کایک سنگل دو سو میٹرز میں نیوزی لینڈ کی لیزا کیرنگٹن،مینز کنوئے ڈبل ایک ہزار میٹرز میں کیوبا،مینز کایک سنگل ایک ہزار میٹرز میں ہنگری کے بیلنٹ کوپاز اور ویمنز کایک ڈبل پانچ سو میٹرز میں نیوزی لینڈ نے گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔سائیکلنگ ٹریک کے ویمنز ٹیم پرسوٹ مقابلوں میں جرمنی نے طلائی،برطانیہ نے چاندی اور امریکا نے کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ مینز ٹیم اسپرنٹ میں ہالینڈ گولڈ،برطانیہ سلور اور فرانس برانز میڈل لے اڑا۔ ڈائیونگ کے تین میٹرز اسپرنگ بورڈ مقابلوں کا طلائی اور چاندی کا تمغہ چین کے ژائی سائی اور زونگیانگ وانگ جبکہ برطانیہ کے جیک لوگر نے کانسی کا تمغہ جیتا۔سیلنگ کے ویمنز اسکف فورٹی نانئنرز ایف ایکس مقابلوں میں برازیل نے اور اسی کیٹگری کے مینز مقابلوں میں برطانیہ نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ مینز ون پرسن ڈنگی ہیوی ویٹ فن میں برطانیہ کے اسکاٹ جائلز اور مکسڈ ملٹی ہل ناکرا سیونٹین فوائلنگ مقابلوں نے اٹلی نے طلائی تمغہ یقینی بنایا۔ویٹ لفٹنگ کے مینز 109 کلوگرام میں اکبر ڈیجوریف نے 430 کلوگرام کے اولمپک ریکارڈ سمیت ازبکستان کو دوسرا طلائی تمغہ دلایا جبکہ ریسلنگ کے مینز گریکو رومن ستانوے کلوگرام مقابلے میں روسی اولمپک کمیٹی کے موسیٰ ایولوئیف اور ویمنز کے 68 کلوگرام فری اسٹائل ایونٹ میں امریکا کی ٹمائرا مریانا اسٹوک مینساہ نے گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔




