کھیل

عمراکمل عالمی ثالثی عدالت سے ریلیف لینے میں کامیاب

کراچی عمر اکمل عالمی ثالثی عدالت سے ریلیف لینے میں کامیاب ہو گئے جس کے تحت وہ بارہ ماہ کی سزا بھگت چکے تاہم 42 لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ ادا کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے آزاد منصف کے فیصلے کیخلاف پی سی بی اور عمر اکمل کی جانب سے دائرکردہ اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق نمبر 2.4.4 کی ایک بار خلاف ورزی کرنے والے عمر اکمل پر بارہ ماہ کی پابندی اور 42 لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا البتہ مڈل آرڈر بیٹسمین پر ایک سالہ پابندی کی معیاد 19 فروری دو ہزار اکیس کو ختم ہو چکی کیونکہ انہیں 20 فروری دو ہزار بیس کو اسپاٹ فکسنگ سے متعلق بروقت مطلع نہ کرنے پر تین سال کیلئے معطل کیا گیا تھا تاہم یہ سزا عمر اکمل کی اپیل پر گزشتہ برس جولائی میں آزاد منصف نے اٹھارہ ماہ تک محدود کردی تھی۔اس فیصلے کیخلاف پی سی بی اور عمر اکمل نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا جس کا محفوظ فیصلہ اب سنایا گیا ہے ۔سزا کا عرصہ مکمل کرنے والے عمر اکمل اب 42 لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے علاوہ انسداد بدعنوانی کوڈ کے تحت طے شدہ بحالی پروگرام کی تکمیل کے بعد مسابقتی کرکٹ میں واپسی ممکن بنا سکیں گے ۔عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کے دو موبائیل فونز واپس کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے کیونکہ وہ مزید تحقیقات کی غرض سے پی سی بی کے سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کی تحویل میں ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button