
اسلام آباد : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوگا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہان اور مرکزی رہنما شرکت کرینگے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنے، دھرنا دینے اور استعفوں سے متعلق حتمی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
پی ڈی ایم اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے حکمت عملی تیار کرے گی۔ حکومت خلاف تحریک میں شدت پیدا کرنے کے لئے عملی اقدامات کو حتمی شکل دے گی۔ لانگ مارچ، دھرنا اور پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کے حوالے سے فیصلہ کن لائحہ عمل تیار ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ 15 مارچ سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کرنے کی تجویز دے گی، اسلام آباد پہنچ کر لانگ مارچ کو دھرنے میں بدل دیا جائے، یہ بھی تجویز دی جائے گی کہ یہ دھرنا 12 اپریل تک جاری رہے گا۔ 12 اپریل کو ماہ رمضان سے ایک روز پہلے دھرنا ختم کر دیا جائیگا اور نئی تاریخ کا اعلان عید کے بعد دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا آپشن استعمال کیا جائے گا، سب سے آخر میں اپوزیشن صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کا آپشن استعمال کرے گی، پی پی کی عدم اعتماد کی تحریک کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے آصف علی زرداری پی ڈی ایم کے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گئی ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کے قائدین بھی اسلام آباد میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تاحال کراچی میں ہیں اور ان کی پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت متوقع ہے۔




