
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ایک مرتبہ پھر اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب بھرپور طریقے سے مبذول کرائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے ویڈیو لنک خطاب کے ذریعے اس بات پر زور دیں گے کہ عالمی ادارے کو اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان کے ویڈیو لنک خطاب کے اہم نکات کی بابت انتہائی ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ وہ اپنے خطاب میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کی مؤثر حکمت عملی کو اجاگر کریں گے۔
اقوام عالم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان غریب ممالک پر قرضوں سے متعلق بھی اظہار خیال کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم اپنے ویڈیو لنک خطاب میں علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر اور مظلوم کشمیریوں پہ ڈھائے جانے والے بھیانک و انسانیت سوز مظالم کی جانب مبذول کرائی تھی۔




