عمان کا اسرائیل-بحرین ‘امن معاہدے’ کا خیر مقدم

0 28

عمان نے اسرائیل اور بحرین کے مابین ‘امن معاہدے’ کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ اس سے اسرائیلی اور فلسطین کے درمیان امن میں مدد ملے گی۔

خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق حکومت نے بیان میں کہا کہ ‘(عمان) امید کرتا ہے کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے اٹھائے گئے نئے تزویراتی اقدامات فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور مشرقی یروشلم کے ساتھ دارالحکومت کے طور پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی امن قائم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے’۔

اسرائیل کے وزیر انٹلی جنس نے 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کے اعلان کے کچھ دن بعد کہا تھا کہ عمان بھی اس ملک کے ساتھ تعلقات کو باضابطہ طور پر تشکیل دے سکتا ہے۔

عمان نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے فیصلوں کا خیرمقدم کیا ہے لیکن معمول کے تعلقات کے اپنے امکانات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

2018 میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاھو نے عمان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے عمانی رہنما سلطان قابوس سے مشرق وسطی میں امن اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

دوسری جانب ترکی اور ایران نے اسرائیل اور بحرین کے مابین ہونے والے معاہدے کی مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ ایک مہینے قبل یعنی 15 اگست کو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین سفارتی تعلقات بحال کرنے سے متعلق ‘امن معاہدہ’ ہوا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.