ماسکو میں ملاقات کے بعد بھارت، چین کا سرحدی کشیدگی میں کمی لانے پر اتفاق
چین اور بھارت کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماسکو میں ایک اعلی سطحی سفارتی اجلاس کے بعد ہمالیائی سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے کرنے اور ‘امن و امان’ کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چینی ریاستی کونسلر وانگ یی اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو ماسکو میں ملاقات کے بعد مشترکہ بیان کہا کہ پانچ نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے جس میں رضامندی ظاہر کی گئی ہے کہ موجودہ سرحدی صورتحال ان کے مفادات میں نہیں ہے اور دونوں فریقین کی فوج کو فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنا چاہیے۔
یہ اتفاق رائے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہوا اور یہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے ہی مغربی ہمالیہ کے سرحدی علاقے میں بھارت اور چینی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔