امریکا بحیرہ جنوبی چین میں ‘ملٹرائزیشن’ کا روح رواں بن رہا ہے، چینی وزیر خارجہ

0 27

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ امریکا اپنے سیاسی مفادات کے لیے بحیرہ جنوبی چین میں سرحدی اور بحری حدود میں براہ راست مداخلت کر رہا ہے۔

خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق وانگ یی کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں ملٹرائزیشن کا روح رواں بن رہا ہے۔

آسیان ممالک کے وزرائے خارجہ کے سربراہی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں انہوں نے امریکا کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘امن و استحکام چین کا بحیرہ جنوبی چین میں اعلیٰ ترین تزویراتی مفاد ہے، یہ چین اور آسیان ممالک کا مشترکہ مفاد بھی ہے’.

انہوں نے کہا کہ چین تعاون بڑھانے کے لیے امریکا کے ساتھ رابطہ اور مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔ امریکا نے گزشتہ ہفتے چین کی 24 کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا تھا اور مختلف شخصیات کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ امریکا کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں بحیرہ جنوبی چین میں تعمیرات اور فوجی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ بحری امور پر امریکا کی جانب سے چین پر عائد کی گئیں یہ پابندیاں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سلامتی اور ٹیکنالوجی کے معاملات پر ایک عرصے سے کشیدگی جاری ہے جبکہ ہانگ کانگ سے لے کر سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں سے ناروا سلوک اور انسانی حقوق کے معاملات کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے معاملے کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدگی اختیار کر چکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.