چین کیخلاف ثبوت ہیں، انتخابات میں میری شکست کیلئے بیجنگ آخری حد تک جائیگا، ٹرمپ
بیجنگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ چین کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بیجنگ نومبر ان کے دوبارہ انتخابات میں شکست کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔بین الاقوامی میڈیا کو کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے اور کہا کہ وائرس کے معاملے پر بیجنگ کے لیے نتائج پر وہ متعدد آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں بہت کچھ کرسکتا ہوں۔کورونا وائرس کے پھیلا پر دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں چین اور امریکا میں ایک عرصے سے کشیدگی موجود ہے۔ وائٹ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم چین سے خوش نہیں ہیں، ہم پوری صورتحال سے خوش نہیں ہیں کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ اس کو جڑ سے روکا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسے تیزی سے روکا جا سکتا تھا اور اسے پوری دنیا میں نہیں پھیلنا چاہیے تھا اور انہیں اس کا ذمے دار ٹھہرانے کے لیے کئی راستے موجود ہیں۔واضح رہے کہ امریکا میں اب تک 60 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔چین کے خلاف ٹیرف کے بارے میں غور کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرہم نے وضاحت نہیں دی اور کہا کہ بہت سی چیزیں ہیں جو میں کرسکتا ہوں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہوا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے انتخابات میں شکست کے لیے چین کچھ بھی کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا ماننا ہے کہ چین ان کے ڈیموکریٹک مخالف جو بائیڈن کو انتخابات میں جتوانا چاہتا ہے تاکہ تجارت اور دیگر امور میں چین پر ٹرمپ کی جانب سے ڈالا گیا دبا ئوکم کیا جاسکے۔انہوں نے چینی حکام کے بارے میں کہا کہ وہ مسلسل عوامی رابطے کو استعمال کرتے ہوئے خود کو معصوم ظاہر کر رہے ہیں۔