کورونا سے اموات معلوم تعداد سے 60 فیصد زیادہ ہو سکتی ہے، برطانوی اخبار

0 32

لندن:  برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بتائی جانے والی تعداد سے 60 فیصد تک زیادہ ہو سکتی ہے۔فنانشل ٹائمز کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کے دوران بہت سے ممالک میں دوسری بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ۔اخبار کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ یہ اموات بھی کورونا کے سبب ہوئی ہوں، تاہم کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی محدود صلاحیت کی وجہ سے تشخیص نہ ہوسکی ہو۔رپورٹ کے مطابق تحقیق کے لیے منتخب 14 ممالک میں مارچ اور اپریل کے دوران کورونا سے 77 ہزار اموات ریکارڈ ہوئیں جب کہ کورونا کے بغیر ہونے والی اموات ایک لاکھ 22 ہزار ریکارڈ کی گئیں جو کہ 2015 سے 2019 کے دوران اسی عرصے میں ہونے والی اموات کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔تحقیق میں برطانیہ،اٹلی، اسپین، فرانس، بیلجیم، آسٹریا، نیدر لینڈز، پرتگال،سوئیڈن ، سوئٹزرلینڈ اور ڈنمارک شامل ہیں۔اخبار کا کہنا ہے کہ اگر ان نتائج کو دیکھتے ہوئے دیگر ممالک کا بھی جائزہ لیا جائے تو خدشہ ہے کہ کورونا کے باعث ہونے والی اموات اور متاثرہ افراد کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔دوسری جانب امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی کہا ہے کہ پاکستان، بھارت اور اس جیسے دوسرے ملکوں میں کورونا کے کم کیسز سامنے آنا غیر یقینی بات ہے۔بل گیٹس کا کہنا ہے کہ ان ممالک میں کم کیسز کی وجہ ٹیسٹ کی محدود صلاحیت اور لوگوں کا ٹیسٹ کرانے سے گریز ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ 29 ہزار سے تجاوز ہوچکی ہے جب کہ مہلک وائرس سے 2 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.