
ویب ڈیسک کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے طلب کرنے کے معاملے پر پارلیمنٹ دباؤ میں ہے،ایسا لگتا ہے کہ نیب ادارے کو نیب والے ہی ختم کریں گے، چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی تو ملک کی معیشت کا پٹھا بیٹھ جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب کو پارلیمان میں طلب کرنے کے معاملے پر خود پارلیمنٹ دباؤ میں ہے۔ چیئرمین نیب کی طلبی کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ دباؤ میں ہے۔
چیئرمین سینیٹ کہتے ہیں چیئرمین نیب کو چھوڑ دیں طلب نہ کریں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا نیب عدالت کے چکر لگا لگا کر بالاآخر فرد جرم عائد ہو گئی ہے۔یہی کہوں گا احتساب عدالت نے غلط فرد جرم عائد کی ہے۔ چیئرمین نیب کو اسی عدالت میں لیکر آئیں گے۔جاوید اقبال کو اس ریفرنس میں بطور گواہ پیش کرینگے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایک سوال کے جواب میں کہا ملک میں بزنس مینوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
نیب نے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کیسز پر زور دیا ہوا ہے۔ نیب چاہتی ہے کہ اپوزیشن پارٹیز چپ رہے۔ نیب نے اپوزیشن لیڈرز کو جیل میں بھی ڈالا، تاکہ وہ چپ رہے، لیکن وہ چپ نہیں رہیں گے۔ نیب اپوزیشن پارٹیوں سے انتقامی کاروائیاں کر رہی ہے۔ایسا لگتا ہے نیب ادارے کو نیب والے ہی ختم کر دیں گے۔



