چین حساس لیبارٹریز کی انسپیکشن کی اجازت دے، امریکا کا مطالبہ
واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے چین پر کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث حساس لیبارٹریز میں انسپکٹرز کو جانے کی اجازت دینے کے لیے زور دیا ہے۔ مائیک پومپیو نے اس امکان کو مسترد کرنے سے انکار کردیا کہ یہ مہلک وائرس چین کے شہر ووہان کی ایک لیبارٹری سے لیک ہوا جس کی چین سختی سے تردید کرچکا ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ ’آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ صرف ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی نہیں بلکہ چین میں ایسی لیبارٹریز اب بھی کھلی ہوئی ہیں جہاں پیچیدہ پیتھوجینز (بیماری پھیلانے والے وائرس) موجود ہیں اور ان پر تحقیق ہورہی ہے‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس قسم کے مواد کو محفوظ طریقوں سے سنبھالنا انتہائی اہم ہے کہ وہ حادثاتی طور پر بھی خارج نہ ہوں‘۔مائیک پومپیو نے جوہری سہولیات کی مثال دیتے ہوئے وہاں حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت عالمی معائنے کی جانب اشارہ کیا۔ساتھ ہی انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس تشویش کا اظہار کیا کہ چین نے شناخت ہونے والے ابتدائی وائرس کا نمونہ فراہم نہیں کیا جسے سائنسی زبان میں SARS-CoV-2 کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اب بھی وائرس کا نمونہ نہیں اور نہ ہی دنیا کو ان لیبارٹیرز یا ووہان میں دیگر جگہوں تک رسائی حاصل ہے جہاں یہ وائرس شاید اصل تیار ہوا۔