
کوئٹہ(آن لائن)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے وزیراعلی جام کمال خان اور صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی کو مثالی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئےکہا ہے کہ بلوچستان کے نئے بجٹ میں ہر شعبے پر فوکس کیاگیا ہے اور امان وامان ،تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں کیلئے خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بجٹ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت نے جعلی ترقی کی جگہ حقیقی ترقی پر مبنی ڈویلپمنٹ روڈ میپ دیا ہے۔ 346 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع میں خوشحالی آئے گی۔ ماضی میں کاغذات میں ترقی ہوتی رہی اورعوام ترقی کیلئے ترستے رہے۔سابق حکمران غلط پالیسیوں اورنمائشی منصوبوں سے صوبے کادیوالیہ کر چکے تھے۔ہمیں 2018 میں تباہ حال معیشت ملی۔صوبے میں معاشی استحکام کیلئے مشکل فیصلے کیے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے انہوں نے مزید کہا کہ گالی دینا بلوچستان کی ثقافت نہیں بلکہ جہالت اور بداخلاقی کے زمرے میں آتا ہے بلوچستان کی تاریخ میں آج کے واقعہ کی کوئی مثال موجود نہیں ہے اپوزیشن نئی نسل کو گالیاں دینے کا سبق سیکھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ٹولے کی ڈھٹائی پر سب کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اپوزیشن ٹولے نے ہمیشہ جمہوری، آئینی اور پارلیمانی روایات کو پامال کیا ہے اورقوم اس ٹولے کے دوغلے چہروں کو پہچان چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت جمہوری، آئینی اورپارلیمانی روایا ت کی امین ہے۔




