
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کو بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے آگے گروی رکھ دیا ہے۔
اپوزیشن کی درخواست پر طلب قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے یپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مہنگائی کا مسئلہ پاکستان کے ہر شہری کے زبان پر ہے، عام آدمی کا جینا محال ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ کوشش کی کہ ایوان میں اس پر بات ہو اور کوئی حل نکالا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان کہتے تھے کہ پاکستانیوں کو دوسرے ممالک جاکر روزگار ڈھونڈنا پڑتا ہے، ہماری حکومت آئے گی تو باہر سے لوگ پاکستان آئیں گے نوکریوں کے لیے، کیا یہ بات ثابت نہیں کرتی کہ ڈھائی سال گزرنے کے بعد پاکستان کے لوگ سمجھیں کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے’۔




