اہم خبریںبین الاقوامی

مقبوضہ کشمیر:ظالمانہ کارروائی میں ایک اور نوجوان شہید

سری نگر  :  مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے ، قابض فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔غاصب فوج نے سری نگر کے نواحی علاقے نوگام واگورہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں نوجوان عزیر اشرف ڈارکو شہید کیا۔ عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ فوجیوں نے نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد گولیاں مار یں اور اس دوران انہوں نے واگورہ گرڈ سٹیشن کو بند کر کے علاقے کو تاریکی میں ڈبو دیا ۔ قابض فوج نے علاقے میں گھر گھرتلاشی بھی لی، کارروائی میں بھارتی پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ کشمیری عوام نے ظالمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج بھی کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی خواتین شاخ کی انچارج یاسمین راجہ نے بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں کی موجودگی مقبوضہ علاقے میں خوفناک صورتحال کی بخوبی نشاندہی کرتی ہے ۔ انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو نے کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں دیویندرسنگھ بہل اور عبدالاحد پرہ نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ تنازع کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارتی ہٹ دھرمی ہے ۔ ادھر سوشل اینڈ جسٹس لیگ اور ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی کے وفود بھارتی پیراملٹری سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہریوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سوپور میں ان کے گھروں میں گئے جبکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں سوپور قصبے میں تین بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف برمنگھم میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کی۔ سٹورٹ رچرڈسن کی قیادت میں سٹاف دی وار کوئلیشن کے ایک وفد نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button