مشرف واپس آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے : نواز شریف سابق صدر کیلئے دعاگو
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف واپس آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نے لکھا کہ میری سابق صدر پرویز مشرف سے کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں۔ نہیں چاہتا کہ اپنے پیاروں کے بارے میں جو صدمے مجھے سہنا پڑے، وہ کسی اور کو بھی سہنا پڑے۔
آخر میں انہوں نے لکھا کہ ان کی صحت کے لیے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔ وہ واپس آنا چاہیں تو حکومت سہولت فراہم کرے۔
اس سے قبل ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے سابق صدر سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی صحت بہت خراب ہے، اللہ تعالیٰ انہیں صحت دے، ایسی صورتحال میں پرویزمشرف کی فیملی سے رابطہ کیا گیا ہے، اس صورتحال میں ادارے اور اس کی لیڈرشپ کا موقف ہے مشرف کو واپس آجانا چاہیے۔ اسی مد میں میں مشرف کی فیملی سے رابطہ کیاگیا، مشرف کی واپسی کا فیصلہ ان کی فیملی اور ان کے ڈاکٹرز نے کرنا ہے کہ وہ ان کو ایسی کنڈیشن میں سفر کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں یا نہیں، اگر یہ دونوں چیزیں سامنے آ جاتی ہیں تو اس کے بعد ہی کوئی انتظامات کیے جا سکتے ہیں، انسٹیٹیوشن محسوس کرتاہے جنرل (ر) مشرف کو اگر ہم پاکستان لاسکیں کیوں کہ ان کی کنڈیشن ایسی ہے۔