روزانہ 3100مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی،چند روزمیں استعداد کار 5 ہزار تک بڑھائی جائیگی

0

لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں روزانہ 3100مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے اورآئندہ چند روزمیں ٹیسٹ کرنے کی استعداد کار 5 ہزار تک بڑھائی جائے گی۔گزشتہ روز1785افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔پنجاب میں مجموعی طورپر تقریباً19ہزارتشخیصی کٹس موجود ہیں جبکہ2ہزار مزید کٹس کل این ڈی ایم اے سے مل جائیںگی۔صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ٹیسٹنگ کی سہولت کیلئے لیبزبن رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے 8لیبزکوجلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں دفعہ144پرسختی سے عملدر آمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی حکومت نے عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ڈبل سواری پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ محکمہ صحت ضروری سازوسامان اورآلات خریدنے کا عمل جلد مکمل کرے۔انہوںنے کہا کہ قرنطینہ مراکزیا آئسولیشن وارڈز میں موجود مریضوں کے 14دن کے بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوںگے اورجن مریضوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے انہیںگھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے متاثرہ حاملہ خواتین کیلئے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہورکے ساتھ دیگر اضلاع میں بھی متاثرہ حاملہ خواتین کیلئے علیحدہ وارڈز بنائے جائیں۔ قرنطینہ مراکزمیںمریضوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔ڈاکٹروں اورنرسوںکیلئے حفاظتی لباس ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے ۔پنجاب میں ڈاکٹروں اورنرسوں کے ایشوزحل کیے جائیںگے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ویڈیو لنک اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال، روک تھام کے اقدامات اور مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ڈاکٹروں اورنرسوں کیلئے حفاظتی لباس کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ، سیکرٹری اطلاعات اورعسکری حکام نے وزیراعلیٰ آفس سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری بلدیات،چیف ایگزیکٹو آفیسراربن یونٹ،ڈی جی پی ڈی ایم اے،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری محنت ، سیکرٹری صنعت اورچیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میںشریک ہوئے

Leave A Reply

Your email address will not be published.