پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی کوئٹہ میں پولیس کی جانب سے ڈاکٹروں پر وحشیانہ حملے پر شدید مذمت
کوئٹہ (آن لائن ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ میں پولیس کی جانب سے ڈاکٹروں پر وحشیانہ حملے پر شدید مذمت کرتی ہے یہ ڈاکٹر ذاتی حفاظتی سامان کی عدم دستیابی پر احتجاجی کررہے تھے یہ حفاظتی سامان کورونا وائرس سے بچائو کے لئے ڈاکٹروں کے لئے لازمی ہے ڈاکٹروں پر یہ وحشیانہ حملہ پی ایم اے کے لئے قابل قبول نہیں کیونکہ وہ ایک اپنے اہم مطالبے کے لئے احتجاج کررہے تھے پی ایم اے مطالبہ کرتی ہے کہ معاملے کی فوری انکوائری کرائی جائے اور گرفتار ڈاکٹرز کو بھی فوری طورپر رہا کیا جائے پی ایم اے ایک مہینے سے زیادہ عرصے سے تمام صوبائی اور وفاقی حکومت پر زور دے رہی تھی کہ وہ ڈاکٹروں ‘ نرسوں اور پیرامیڈیکس کی حفاظت کے لئے ذاتی حفاظتی سامان فراہم کرے اس وقت کورونا وائرس سے ڈاکٹروں کی حفاظت کا بڑا سنجیدہ مسئلہ ہے اس معاملے کو عقلمندی اور احتیاط سے حل کرنے کی ضرورت ہے اس وقت ہمیں کسی بھی ایسی صورتحال کے متحمل نہیں ہو سکتے جس میں ڈاکٹر ہڑتال پر چلے جائیں آنے والے دنوں میں ہوسکتا ہے ہمیں زیادہ مشکلات کا سامنا ہو اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ کسی بھی ایسی صورتحال سے تحمل سے نبردآزما ہو پہلے دن سے جب چین میں کورونا وائرس پھیلنا شروع ہوا اور وہاں مرنے والوں کی تعداد صرف 06 تھی پی ایم اے نے 22-01-2020 کو ایک پریس ریلیز کے ذریعے تجاویز دیں کہ باہر کے ممالک سے آنے والے تمام لوگوں کی اسکریننگ کی جائے ملک میں کورئنٹائن اور آئیسولیشن کی سہولیات قائم کی جائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے اسی طرح ڈاکٹروں ‘ نرسوں اور پیرامیڈیکس کے لئے ذاتی حفاظتی سامان کا بھی پہلے سے بندوبست کرنا چاہئے تھا تاکہ موجودہ صورتحال سے بچا جاتا ہم ایک دفعہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹروں اور تمام طبی عملے کے لئے ذاتی حفاظتی سامان فوری طورپر فراہم کیا جائے پی ایم اے تمام جونیئر اور سینئر ڈاکٹروں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نکلیں اور اس بحران میں عوام کی خدمت کریں اور ساتھ ساتھ کورونا کے علاوہ بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال بھی کریں