
لاہور (آن لائن) حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں سوئی ناردرن گیس نے گھریلو صارفین کے مارچ کے مہینے کے بل اقساط میں جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث ملک میں ہونے والی بندش کے دوران گھریلو صارفین کو بل اقساط میں جمع کروانے کی سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔ سوئی ناردرن گیس کے ترجمان کے مطابق مارچ کے مہینے کے بل اقساط میں جاری کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جن گھریلو صارفین کے بل بغیر اقساط جاری ہوئے ہیں، وہ کسی بھی بینک برانچ میں مارچ کے مہینے کا بل تین اقساط میں جمع کرواسکتے ہیں اور اس سلسلے میں تمام بینکس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کے مطابق اقساط میں بل جمع کروانے کی سہولت صرف دو ہزار روپے (علاوہ جی ایس ٹی) تک کے گیس بل پر دی گئی ہے۔




