صوبائی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے،حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو

کو ئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگونے کہا ہے صوبائی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے۔حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ عوامی خدمت کا سفر شروع ہو چکا ہے، اب رکے گا نہیں۔ عوام کی خدمت کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت نے عام آدمی کی حالت بہتر بنانے کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ ہماری حکومت کی پالیسیوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ غریب کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا لیکر برسراقتدار آئے ہیں اور عام آدمی کی حالت کو بدلیں گے۔بلو چستان میں امن وامان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ یہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے۔ عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنے کی کمٹمنٹ پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹیں آتی ہیں لیکن ہمت نہیں ہاریں گے۔ وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں لیکن ہمارا عزم ان سے بلند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم باتیں نہیں کام کر کے دکھاتے ہیں۔ لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے،قومی وسائل عوام کی امانت ہیں۔ نئی سوچ اور نئے جذبوں سے عبارت ہے۔ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبودکیلئے ہرممکن حد تک جائیں گے۔




