کھیل

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان دوبارہ آئے گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز دسمبر میں کھیلی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیہلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ملتان جائیں گی جہاں دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کا میزبان کراچی ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 17 سے 21 دسمبر تک مدمقابل ہوں گی۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ یہ سیریز عالمی کرکٹ شائقین کی توقعات پر پورا اترے گی جو مسابقتی اور سنسنی خیز میچ دیکھنا اور ان سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

ذاکر خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ شائقین انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے تقریباً 17 سال انتظار کر رہے ہیں۔ اگرچہ پاکستانی شائقین نے HBL پاکستان سپر لیگ کے حالیہ ایڈیشنز میں انگلینڈ کے کئی کھلاڑیوں کو براہ راست دیکھنے کا لطف اٹھایا ہے، لیکن 2 ملکوں کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ سے بین الاقوامی ستارے اور ہیروز پیدا ہوتے ہیں۔

اسٹیئڈیمز کی تاریخ

انگلینڈ پہلی مرتبہ راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گا، راولپنڈی میں اب تک 12 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں میزبان نے 5 جیتے اور 3 میں شکست کھائی جب کہ 4 بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

انگلینڈ نے آخری بار 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تو اسے ملتان ٹیسٹ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ ملتان کے کرکٹ گراؤنڈ میں اب تک پانچ ٹیسٹ کھیلے گئے ہیں جن میں پاکستان نے 3 جیتے اور ایک ہارا ہے۔

کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 2000 تک پاکستان کا قلعہ تھا جہاں پاکستان نے 34 میچز میں سے ایک بھی شکست نہیں کھائی تھی لیکن 2000 میں ہی انگلینڈ اس میدان میں پاکستان کو ہرانے والی پہلی ٹیم بنی تھی۔

پاکستان کو کراچی میں 44 میچوں میں واحد دوسری شکست جنوبی افریقا کے ہاتھوں ہوئی جس نے 2007 کا ٹیسٹ 160 رنز سے جیتا تھا۔

اس اسٹیڈیم میں پاکستان اب تک 23 ٹیسٹ میچز جیت چکا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button