
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر غداری کا مقدمہ قائم کرکے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی کرپشن چھپاسکیں۔
بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ زرداری اس ملک کی بہت بڑی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر زرداری کی کانپیں ٹانگنے لگ جاتی ہیں، اسی طرح فضل الرحمان ہے جسے سوچنا چاہیے کہ اسے اللہ نے اتنی ذلت کیوں دی؟ فضل الرحمان نے ہمیشہ ذاتی مفاد کی سیاست کی۔
عمران خان نے کہا کہ ایک نواز شریف ہے جس کے منہ سے بھارتی جاسوس کلبھوشن کا نام کبھی نہیں نکلا کیوں کہ شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے تعلقات ہیں، نواز شریف نے کبھی نریندر مودی کے خلاف بات نہیں کی، مودی پاکستان کے آرمی چیف کو دہشت گرد اور وزیراعظم کو دوست کہتا تھا۔




