اہم خبریںبین الاقوامی

افغانستان : جھڑپ، 26 ہلاک، رہا طالبان پر دوبارہ جنگ میں آنے کا الزام

کابل  :  افغانستان میں جھڑپ کے دوران 26افراد ہلاک ہو گئے ،حکومت نے رہائی پانیوالے طالبان پر دوبارہ جنگ میں آنے کاالزام لگا دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبہ قندوز میں جھڑپ کے دوران اہم کمانڈر سمیت حکومت نواز مقامی ملیشیا کے 16 ارکان اور جوابی کارروائی میں 10طالبا ن جنگجو ہلاک ہو گئے ۔ مقامی گورنر نے بتایا کہ رات گئے طالبان نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے پسپا کر دیا گیا، بعدازاں طالبان نے دوبارہ حملہ کیا اور شدید لڑائی میں مقامی ملیشیا کے اہم کمانڈر عبدالحکیم سمیت حکومت نواز ملیشیا کے 16 ارکان ہلاک ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 10حملہ آورجنگجو بھی مارے گئے ۔صوبائی کونسل کے ممبر ربانی نے بتایا کہ حملہ آور 2سکیورٹی اہلکاروں کویرغمال بنا کر لے گئے ۔طالبان نے اس حملے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ادھر افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان دوحہ معاہدے کی تین اہم شقوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جن میں القاعدہ اور دوسرے عالمی دہشت گرد گروہوں سے تعلقات قائم کرنا بھی شامل ہے ۔انہوں نے ایران کے نمائندہ خصوصی محمد ابراہیم تہرانی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہاکہ طالبان نے حکومت کی جانب سے آزاد کردہ 90 فیصد طالبان قیدیوں کو دوبارہ میدان جنگ میں اتار دیا ہے ۔دوسری طرف افغان طالبان نے خبردار کیا کہ اگر دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی کئی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے اور مخالف فریق اس کا ذمہ دار ہوگا۔طالبا ن کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر دوحہ معاہدہ ختم کیا گیا تو یہ بڑی جنگ کا باعث ہوگا اور اس کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔دریں اثنا امریکی وزیر دفاع لائڈ اوسٹن نے باور کرایا ہے کہ نومنتخب صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر امریکا دنیا بھر میں اپنی افواج کی ذمہ داریوں اور ان کی پوزیشن کا جائزہ لے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button