شری رام نیپالی تھے اور ایودھیا نیپال میں تھا، نیپالی وزیراعظم کا دعویٰ

0 41

کھٹمنڈو:  نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولینے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایودھیا دراصل نیپال کے علاقے بیرگنج میں تھا جہاں شری رام کا جنم ہوا تھا،بھارت کی توسیع پسندی نے اس علاقے کو ضم کر لیا تھا، دوسری جانب نیپالی وزیر اعظم کے اس بیان پر بھارت نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپالی وزیرِاعظم خود کمیونسٹ ہیں اور اس بیان کی آڑ میں چین کا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولی کے تازہ بیان نے بھارتی ہندوں میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑا دی ہے جس میں انہوں بھارتی ہندوں پر ثقافتی توسیع پسندی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ایودھیا دراصل نیپال کے علاقے بیرگنج میں تھا جہاں شری رام کا جنم ہوا تھا، یعنی رام جی بھی اصل میں نیپالی ہی تھے۔انہوں نے یہ بیان دو روز قبل بھانو جینتی کے ایک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے دیا تھا۔ واضح رہے کہ رامائن کا سنسکرت سے نیپالی زبان میں ترجمہ کرنے والے نیپالی شاعر بھانوبھکتا اچاریہ کا یومِ پیدائش بھانو جینتی کے نام سے منایا جاتا ہے۔ 13جولائی کو بھانوبھکتا کا 206واں یومِ پیدائش تھا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کے پی شرما نے بھارتی ہندوں پر الزام لگایا کہ شری رام کی اصل جائے پیدائش، یعنی اصل ایودھیا نیپال میں تھی لیکن بھارتی ہندوں نے ثقافتی توسیع پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اترپردیش میں جعلی ایودھیا بنا کر اسے دنیا بھر میں مشہور کردیا۔ شری رام کا اتر پردیش سے کوئی تعلق نہیں تھا بلکہ ان کی حکومت نیپال میں، موجودہ بالمیکی آشرم کے قریب تھی۔یاد رہے کہ نیپال کی 81.3 فیصد آبادی ہندوں پر مشتمل ہے جبکہ حالیہ دنوں میں نیپال اور ہندوستان کے مابین سرحدی تنازعات بھی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئے ہیں۔نیپالی وزیراعظم کے اس دعوے پر بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپالی وزیرِاعظم خود کمیونسٹ ہیں اور اس بیان کی آڑ میں چین کا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.