امریکی عدالت کاایک اور اہم فیصلہ، ٹرمپ کیخلاف’’انکشافات سے بھری کتاب‘‘شائع کرنے کی اجازت
واشنگٹن: امریکا کی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ کو اپنے چچا کے بارے میں چشم کشا انکشافات پر مشتمل کتاب کے بارے میں گفتگو کرنے اور اس کی اشاعت کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ ٹرمپ خاندان نے کتاب کی 14 جولائی کو اشاعت روکنے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا۔’’تصنیف بعنوان بہت زیادہ اور ہمیشہ ناکافی‘‘ کس طرح میرے خاندان نے دنیا کے سب سے خطرناک انسان کو تخلیق کیا میں میری ٹرمپ نے اپنے چچا کو ایک دھوکے باز اور بدمعاش قرار دیا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ریاستی عدالت کے جج نے پبلشر سائمن اینڈ شسٹر کو کتاب کی اشاعت کے حق کی توثیق کردی۔وائٹ ہائوس نے کتاب میں کیے گئے دعوں کو پہلے ہی مسترد کردیا تھا تاہم کتاب کے کچھ اقتباسات امریکی میڈیا میں لیک ہوچکے ہیں۔میری ٹرمپ کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے عوامی نوعیت کے مسئلے پر ٹرمپ خاندان کی کتاب کے خلاف کوشش کو ناکارہ بنا دیا۔55 سالہ میری ٹرمپ کے خلاف اشاعت روکنے کی کوشش میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھائی رابرٹ ٹرمپ نے مقدمہ دائر کیا۔انہوں نے پٹیشن میں کہا تھا کہ میری ٹرمپ نے وراثت کے معاملے میں دو دہائی قبل رازداری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔میری ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ چند روز میں امریکی عوام ان کے اہم الفاظ پڑھ سکیں گے۔کتاب میں میری ٹرمپ نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے نیویارک ٹائمز کو ٹیکس دستاویزات فراہم کیں جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی 1990 میں مشتبہ ٹیکس اسکیم سے متعلق 140 ہزار الفاظ پر مشتمل تحقیقاتی مضمون شائع کیا۔میری ٹرمپ نے لکھا کہ ان سے صحافیوں نے 2017 میں ان کے گھر پر رابطہ کیا اور ابتدا میں وہ ان کی مدد کرنے سے گریزاں تھیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نیو یارک ٹائمز کے صحافیوں سے رابطہ کرنے سے قبل ایک ماہ انتظار کیا اور لا فرم سے قانونی دستاویزات کے 19 ڈبے اسمگل کرنے کے بعد انہیں صحافیوں کو فراہم کیا اور اس لمحے کو ایسا لمحہ قرار دیا جس میں کئی مہینوں بعد انہیں بے پناہ خوشی محسوس ہوئی۔