حکومت کا اسلام آباد میں چار ہزار سے زائد اسپتالوں کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ

0 43

اسلام آباد : حکومت نے اسلام آباد میں چار ہزار سے زائد اسپتالوں کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اتھارٹی کو شفافیت اور عوامی جواب دہی کی پالیسی پر گامزن رہنا ہوگا۔اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد میں ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں آیا ہے۔ دارالحکومت میں صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اتھارٹی کا قیام وقت کا تقاضا تھا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق حکومت اسلام آباد کو صحت کے حوالے سے مثالی شہر بنا رہی ہے۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نجی اسپتال، کلینکس اور لیبارٹریز کو ریگولیٹ کرے گی۔ اتھارٹی دارالحکومت کا نظامِ صحت پورے ملک کے لیے ایک مثالی نظام بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق صحت کے شعبہ کو اصلاحات کیلئے اولین ترجیح حاصل ہے۔ حکومت پرائمری ہیلتھ کئیر سسٹم کو مضبوط بنارہی ہے۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ اتھارٹی کو شفافیت اور عوامی جواب دہی کی پالیسی پر گامزن رہنا ہوگا۔اسلام آباد ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سید علی حسین نقوی نے اجلاس کو بتایا کہ اسلام آباد ملک کا دسواں بڑا ضلع اور تئیس لاکھ کی آبادی کا شہر ہے جہاں تقریباً 3100 پرائیویٹ کلینک اور 1100 میڈیکل اسٹور کام کر رہے ہیں۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے قانون کے 2018 میں نفاذ کے باوجود اسلام آباد کے شہریوں کی محکمہ صحت سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے اتھارٹی موجود نہ تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.