بلوچستان میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے پیش گوئی ہائی الرٹ جاری
کوئٹہ: صوبائی مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاءاللہ لانگو نے صوبے میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی پیشنگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہر لحاظ سے الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مشیر داخلہ نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت میں متوقع اضافے کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں کو بروقت شروع کرنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی جائیں جبکہ محکمہ پی ڈی ایم اے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کو 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔ انہوں نے محکمہ پی ڈی ایم اے کو ہیٹ اسٹروک اور دیگر حادثاتی واقعات کے متاثرین کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے سلسلے میں طبی مراکز میں عملے کی موجودگی اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح مشیر داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انہیں درکار امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی بروقت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔