خاتون کی تضحیک ، ملزم کو کم سزا ملنے پر سنگاپور میں ہنگامہ
سنگاپور سٹی: سنگاپور کی عدالت کی جانب سے خاتون پر حملہ کرنے اور اسے تضحیک کا نشانہ بنانے والے ملزم کو کم سزا دیے جانے پر لوگ برہم ہوگئے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر غصے کا اظہار کیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور کی ایک عدالت نے 21جولائی کو سابق گرل فرینڈ پر حملہ کرنے والے نوجوان کو محض 12دن کی سزا سنائی، جس پر خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی تنظیموں سمیت سیاسی تنظیموں اور عام افراد نے بھی غصے کا اظہار کیا۔عدالت نے نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور(این یو ایس)کے 23سالہ ڈینٹسٹری کے طالب علم کو اپنی سابق گرل فرینڈ پر حملہ کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں محض 12دن کی سزا سنائی۔ساتھ ہی عدالت نے نوجوان کو 80گھنٹے کے کمیونٹی سروس کی سزا بھی دی اور انہیں آئندہ 5ماہ تک حکام کو اپنے معمولات سے متعلق رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔عدالت کی جانب سے مجرم کو سزا سنائے جاتے وقت ریمارکس میں کہا گیاکہ مجرم کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں، جس وجہ سے انہیں کم سزا دی جا رہی ہے۔