آشیانہ اقبال ،رمضان شوگر ملز اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی
لاہور:(10اپریل 2020)لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ،رمضان شوگر ملز اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت تئیس اپریل تک ملتوی کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی،کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش نہ کیا جاسکا،جس کے باعث حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔اسی کیس میں شہباز شریف کی جانب سے پلیڈر محمد نواز ایڈوکیٹ نے حاضری مکمل کروائی،بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز کو فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لئے دوبارہ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت تئیس اپریل تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ روز کی توسیع کردی۔اسی عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اقبال کیس کی سماعت کی ،کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش نہ کیا گیا جبکہ فواد حسن فواد اور بلال قد وائی عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے چوہدری نواز ایڈووکیٹ نے بھی حاضری لگائی، بعد ازاں احتساب عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو تئیس اپریل کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے طلب کرلیا۔