اہم خبریںبین الاقوامی
یوکرین میں روسی جنرل کی ہلاکت کی تصدیق

یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں نے جنگ کے دوران ایک روسی جنرل کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ ڈونیٹسک میں علیحدگی پسند گروپ کے سربراہ ڈینس پشیلین کے آج تحریر کردہ ٹیلی گرام کے مطابق ’’آج ہم جنرل رومان کوٹزوف کو الوداع کررہے ہیں‘‘ ان کے مطابق جنرل کوٹزوف لوہانسک ریجن میں جنگ کے دوران مارے گئے۔ اس سے دو روز قبل متعدد کریملن نواز صحافیوں نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ جنرل کوٹزوف لوہانسک کے ایک گاؤں کے قریب مارے گئے ہیں۔ تاہم اس خبر کی نہ تو یوکرینی اور نہ ہی روسی حکام نے تصدیق کی ہے۔ ادھر فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق میجر جنرل رومان کوٹزوف کی ہلاکت کی خبر اس سے قبل روس کے سرکاری چینل سے وابستہ ایک جنگی نامہ نگار نے دی تھی۔ لیکن اس کی تصدیق ماسکو نے ابھی تک سرکاری سطح پر نہیں کی ہے۔




