
لاہور (این این آئی)پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہمیشہ اپنی جماعت کے کارکنوں کو ٹائیگر کہہ کر مخاطب کرتے رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کی کورونا ٹائیگر فورس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندے راشن گھروں تک پہنچانے کا کام احسن طریقے سے کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کے مسائل بڑھے ہیں۔اس صورتِ حال میں وزیرِ اعظم عمران خان نے لاک ڈائون کے دوران بے روزگار اور غریب افراد کو راشن پہنچانے اور کورنا وائرس کے حوالے سے دیگر کام انجام دینے کے لیے رضاکاروں پر مشتمل کورونا ٹائیگر فورس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی کورونا ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن جاری ہے جس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دیگر جماعتوں کے کارکن بھی اس فورس کا حصہ بن سکتے ہیں۔




