ترقی یافتہ دور میں آن لائن ٹیچنگ تعلیمی نظام کا اہم حصہ بن چکا ہے ،گورنر بلوچستان
کوئٹہ : گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ دنیابھر میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس تیزرفتار اور ترقی یافتہ دور میں آن لائن ٹیچنگ تعلیمی نظام کا اہم حصہ بن چکا ہے اور اس کی اہمیت اور افادیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے. جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ثمرات سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں درس و تدریس کے اپنے روایتی طریقہ کار میں تبدیلی لانی ہوگی. گورنر یاسین زئی نے صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو دورافتادہ اضلاع کے طلباء وطالبات کی آن لائن کلاسز تک رسائی کو ممکن بنانے اور ان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو. گورنربلوچستان نے وائس چانسلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات سے بھرپور استفادہ کرکے ہی ہم اپنے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحتمند ماحول کو فروغ دینے، تعلیمی معیار کو اونچا کرنے اور درس وتدریس کے طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کامیاب ہو جائینگے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ ہم جان لیوا کروناوائرس کے باعث صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں جاری آن لائن کلاسوں اور بالخصوص دورافتادہ اضلاع کے ان طلبہ کو درپیش مشکلات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے کی سہولت سے محروم ہیں. اور اس ضمن میں پی ٹی اے کو بھی دورافتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے. گورنر بلوچستان نے تمام وائس چانسلر پر زور دیا کہ وہ اپنے آئندہ ہونے والے اجلاس میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے دورافتادہ اضلاع پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز رکھتے ہوئے درپیش مشکلات سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے