مستونگ اور کوئٹہ میں500 سے زائد جعلی لوکل اور ڈومیسائل منسوخ کردیئے گئے ‘صوبائی وزیر مٹھاخان کاکڑ

0 31

کوئٹہ:  صو با ئی وزیر برائے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ و ما حولیات مٹھاخان کاکڑ نے کہا ہے کہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے وفاقی محکموں میں تعینات ہونے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، مستونگ اور کوئٹہ میں 5سو سے زائد جعلی لوکل اور ڈومیسائل منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کسی کوجعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر ملازمتیں حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، جعلی ڈومیسائل حاصل کرکے بلوچستان کے کوٹے پر ملازمتیں حاصل کرنے والے بلوچستان کے تعلیم یافتہ اور قابل نوجوانوں کا استحصال کررہے ہیں ، ماضی کی حکومتوں میں کبھی ان جعلی ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی ان کے ڈومیسائل اور لوکل منسوخ کئے گئے تھے تاہم موجودہ حکومت نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کرکے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے عملی اقدامات شروع کئے ہیں جو کہ خوش آئند ہے بلکہ ایسا کرنے والے بلوچستان کے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوان برسراقتدار آکر اپنے خاندانوں کی کفالت کے ساتھ ساتھے صوبے اور ملک کے لئے اپنی خدمات انجام دے سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے ہدایت کی ہے جس پر سب سے پہلے ڈی سی مستونگ نے 4سو جعلی لوکل و ڈومیسائل منسوخ کردیئے ہیں بعد ازاں کوئٹہ میں بھی ایک سو 22جعلی ڈومیسائل اور لوکل منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بلوچستان کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ ایسا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.