عثمان بزدار نے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی، فیاض چوہان
لاہور : وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ بزدار حکومت نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پروفیشنلز کے ریلیف پیکج کو حتمی شکل دے دی،ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، پولیس، ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور صفائی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک اور وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پروفیشنلز کے ریلیف پیکج کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، پولیس، ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور صفائی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اضافی تنخواہ پروفیشنلز کا کورونا وائرس کے خلاف اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کرنے کا اعتراف ہے جبکہ مزید چار لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن سے پنجاب میں کورونا ٹیسٹنگ کیپسٹی بیالیس سو روزانہ تک بڑھا دی گئی ہے۔ مخصوص علاقوں میں رینڈم ٹیسٹنگ سے کرونا کے پھیلاؤ کا تعین اور روکنے میں مدد ملے گی۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار بطور وزیراعلیٰ پنجاب مشکل حالات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔کرونا کے حوالے سے ان کے حقیقت پسندانہ اور دانشمندانہ فیصلے سب کے سامنے ہیں جبکہ سردار عثمان بزدار نے کرونا اقدامات کے حوالے سے تمام صوبوں کو لیڈ کیا ہے۔