اگر کسی نے مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم وہ آنکھ نکال لیں گے، مولانا عطا الرحمن

0 31

ڈیرہ اسماعیل خان(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر وسینیٹر مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ اگر کسی نے مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم وہ آنکھ نکال لیں گے، طلبا خود کو علم کے اسلحے سے لیس کر لیں اسلام دشمن قوتیں مدارس کے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہیں، طلبا آنے والے وقتوں میں ان مدارس کے محافظ ہیں ،عالمی حالات پر نظر رکھیں اور آنے والے حالات کے لئے خود کو تیار رکھیں،مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ہم ان کے چوکیدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ عثمانیہ مریالی میںجلسہ بیاد قاری محمد نواز فاروقی(مرحوم) بسلسلہ ختم قرآن وختم بخاری شریف دستار بندی سے مہمان خصوصی کی حیثیت میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ میں خراب موسم کے باوجود ملک بھر سے جید علماء کرام نے شرکت کی جن میں مفتی عبدالواحد قریشی ،حافظ حسن افضال ،مولانا اعصام الدین ،قاری ارباب سکندر،مولانا عبدالمجید قاسمی،قاضی عبد الحلیم نعمانی ،مفتی حماد اللہ وحید سمیت دیگر علماء کرام اور حاجی عبدالرشید دھپ سمیت دیگر معززین علاقہ اورطلبا کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔ مہمان خصوصی سنیٹر مولانا عطا الرحمن نے طلبا کی دستار بندی کی اور طلبا انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی جلسے کے میزبان قاری محمد نواز فاروقی(مرحوم) کے جانشین قاری اعجاز فاروقی اور قاری محمد عمیر فاروقی تھے۔ مقررین نے جامعہ عثمانیہ مریالی کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور قاری محمد نواز فاروقی کے دونوں فرزندگان قاری محمد اعجاز فاروقی اور قاری محمد عمیر فاروقی کو مدرسہ ہذا بہتر انداز میں سنبھالنے اور انکی دینی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ سنیٹر مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ مدارس کی حفاظت ہم پر لازم ہے اور حالات جیسے بھی ہوں ہمیں مدارس کی ہر حال میں حفاظت کرنی ہے۔ حکومت مغربی اشاروں پر مدارس کیخلاف کسی بھی کاروائی سے باز رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.