اشتہار میں فرانسیسی صدر کو ہٹلر دکھانے پر قانونی کارروائی

پیرس : فرانس کی ایک اشتہاری کمپنی نے اشتہار میں صدر ایمانوئل میکخواں کو ایڈولف ہٹلر کی طرح دکھایا ہے ۔جس پرفرانسیسی صدر کے ذاتی وکلا اور ان کی پارٹی نے کمپنی کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے شکایت درج کروادی ۔صدر کے وکلانے درخواست میں موقف اختیار کیاکہ ہٹلر کی طرح صدر کی عکاسی عوامی توہین ہے ۔کمپنی کے مالک مائیکل فلوری نے کہا کہ شکایت پر پولیس نے مجھ سے رابطہ کیاہے ۔صدر کو ہٹلر دکھانے کا یہ معاملہ ایک ٹیسٹ کیس بن گیا ہے کیونکہ فرانس نے اظہار رائے کی آزادی اورانتہاپسند ی کے مابین ایک باریک سا فرق روارکھاہواہے ،آزادی اظہار کے یہ معاملات فرانس میں گونجتے ہیں جہاں بدنام زمانہ میگزین گستاخانہ خاکے چھاپتاہے لیکن ریاست فرانس نے اس حرکت کو آزادی اظہار قراردیاتھا۔اس پرمیکرون نے ہی کہاتھا کہ ہم یہ کام جاری رکھیں گے ،اشتہاری کمپنی کے مالک(جن کیخلاف صدر نے اپنی توہین پر شکایت درج کروائی ہے )نے کہا کہ جب صدر کا مذاق اڑایا جاتاہے یا اسے آمر دکھایا جاتاہے تو یہ معاملہ توہین کا کیسے ہوسکتاہے ،یہ ناقابل قبول ہے ،حالانکہ جب چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکے شائع کیے تو اس وقت سب نے میگزین کی حمایت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار قراردیاتھا ،انہوں نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں پر آزادی اظہار رائے کے دعوے کرنیوالے اب کہاں گئے ۔




