منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں 20 نومبر تک توسیع
لاہور: لاہور کی بنکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 20 نومبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر عبوری چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
بنکنگ عدالت کے جج طاہر صابر نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں، جس پر پراسکیوٹر نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم دن رات کام کر رہی ہے، جلد رپورٹ جمع کرا دیں گے۔ عدالت نے ہدایت کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت عبوری چالان جمع کرائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف آئی اے ایک سال سے تفتیش کر رہا ہے، جیل میں بھی تفتیش کی ہے، ایک ماہ میں کیا رپورٹ بنائیں گے۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ وہ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق اعتراض پر بحث کے لیے تیار ہیں، جس پر شہباز شریف نے کہا ان کے سئنیر وکیل طبیعت ناسازی ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے لہذا اگلی تاریخ مقرر کی جائے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ 20 نومبر کو ہر صورت عبوری چالان جمع کرائیں۔