سیف سٹی اسلام آباد کے2ہزار میں سے1700کیمرے خراب تھے ،حکومت کا انکشاف
اسلام آباد: قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ سیف سٹی اسلام آباد کے2ہزار میں سے1700کیمرے خراب تھے جن کو ٹھیک کر دیا گیا ہے،جلد ناکوں پرتمام پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے لگاکر انہیں سیف سٹی کیمروں سے منسلک کردیا جائے گا، 2013سے2018کے دوران ملک میں احتجاج اور دھرنوں سے ڈیڑھ ارب کے نقصانات ہوئے۔ ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری نے سی ڈی اے کو پارلیمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کو کوالٹی چیک کرنے کی رولنگ دیدی اور ہدایت کی کہ پارلیمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کے ٹینکس کی صفائی کو یقینی بنایا جائے ، پانی کے ٹینکس کی ماہانہ بنیادوں پر صفائی اور پانی کی کے کوالٹی ٹیسٹ کرائے جائیں ۔جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت ہوا۔وقفہ سوالات کے دوران رکن رانا ثناء اللہ کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نہ اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ 2013سے2018کے دوران ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں سے مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب(1ارب50کروڑ71لاکھ97ہزار263روپے ) کے نقصانات ہوئے۔2014میں اسلام آباد میں دھرنے کی وجہ سے 75کروڑ59لاکھ79ہزار کے نقصانات ہوئے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ سکھ یاتریوں کو ویزہ کے بغیر کرتارپوآنے کی اجازت ہے، سکھ یاتری بھارتی پاسپورٹ کیساتھ صبح سے شام تک کرتارپور رہ سکتے ہیں،بھارتی حکام کی جانب سے یاتریوں کی فہرست10دن قبل فراہم کی جاتی ہے،آئی ایس آئی ،آئی بی اور نادرہ کی منظوری کے بعد سکھ یاتریوں کو آنے کی اجازت دی جاتی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری داخلہ شوکت علی نے بتایا کہ اسلام آباد میں 116 گیسٹ ہاوئسز رہائشی علاقوں میں قائم تھے،ان گیسٹ ہاوئسز کو بند کردیا گیا،ان میں سے بیشتر کورٹ میں چلے گئے اور کیسز کردئیے،جب تک کورٹ کا فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک ان کیخلاف مزید کارروائی نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو اسلام آباد میں 2000ہزارکیمرے تھے ،ہم نے چیک کیا تو صرف 300کام کررہے تھے ،اسلام آباد میں 1700کیمرے خراب تھے،ہم نے 1950کیمرے ٹھیک کردیئے ہیں،چار پولیس اہلکاروں کی وردیوں پر تجرباتی طورپر کیمرے لگائے گئے،جلد ناکوں اور ٹریفک پولیس کے تمام پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے لگاکر انہیں سیف سٹی کیمروں سے منسلک کردیا جائے گا۔تمام صوبوں میں جرائم کی شرح بتدریج نیچے جارہی ہے ،عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی سیکیورٹی میں 70درجے بہتری ہوئی ہے ،اسلام آباد میں دو سال میں کرائم ریٹ میں29 فیصد کمی آئی ،اسلام آباد میں 90 فی صد نو گو ایریاز ختم کردئیے گئے ہیں اور 80 فی صد ناکے ختم کردئیے،اسلام آباد میں میرٹ پر نئی بھرتیاں کرکے پولیس فورس کی کمی پوری کردی ہے ۔ ارکان پارلیمنٹ کے پارلیمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں صاف پانی کی عدم فراہمی پر ڈپٹی اسپیکر نے سی ڈی اے کو پارلیمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کو کوالٹی چیک کرنے کی رولنگ دیدی اور کہا کہ پارلیمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کے ٹینکس کی صفائی کو یقینی بنایا جائے ، پانی کے ٹینکس کی ماہانہ بنیادوں پر صفائی اور فراہم کرنے والے پانی کے کوالٹی ٹیسٹ کرائے جائیں ۔(رڈ)