ٹرمپ عراق میں خطرناک ایکشن لینے سے خبر دار رہیں،ایران کا انتباہ
تہران (این این آئی )ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خطرناک ایکشن لینے سے خبردار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تہران کی طرف سے یہ بیان گزشتہ روز عراق میں امریکی فورسز کی طرف سے کیے جانے والے فضائی حملے کے بعد سامنے آیا ۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عراق میں خطرناک کارروائیاں کرنے اور ایران پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے خطے میں اپنے فوج کے رویے اور موجودگی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ قبل ازاں جمعرات کو امریکا نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ اسی ملیشیا گروپ نے ایک روز قبل تاجی بیس میں امریکی فوجی ٹھکانے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں اتحادی فوج کے عملے کے تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔