کورونا، یورپ سے امریکا آنیوالی پروازوں پر30 روز کی پابندی
واشنگٹن(این این آئی)کورونا وبا کے سبب یورپ سے امریکا آنے والی پروازوں پر30 روز کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کوروناوائرس کی وباپھیلنے کے سبب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ سے امریکا آنیوالے غیر ملکیوں پرتیس روز کے لیے پابندی لگادی ہے جس کا اطلاق جمعہ سے ہوگا۔ امریکا اور برطانیہ کے درمیان پروازوں کاسلسلہ جاری رہے گا۔صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں کورونا سے لوگوں کی بیماری کا بیج یورپ سفرکرنے والوں نے بویا ،یورپی یونین نے کورونا سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات نہیں کیے تھے۔ادھر امریکا میں بعض افراد اورکاروباری ٹیکس ادائیگیاں 3ماہ کے لیے ملتوی کر دی گئیں۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کو چیلنج قرار دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ اس وائرس سے نمٹنے کے لئے پوری طرح سے وفاقی حکومت کے تمام اختیارات استعمال کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا اکاونٹ پر لکھا کہ کوئی ڈیموکریٹس کو بتائے کہ کورونا وائرس کو یہ پرواہ نہیں کہ آپ کونسی سیاسی جماعت میں ہیں، ہمیں تمام امریکیوں کو بچانا ہے۔




