
اسلام آ باد : احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدرآصف زرداری پر 6 جولائی کو ہر صورت فرد جرم عائدکرنے کا فیصلہ کرلیا، سابق صدر کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگی۔تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل سے منسلک پارک لین ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے چھ جولائی کو آصف زرداری پر ہر صورت فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا طبیعت خراب ہونے پرگھر یا اسپتال سے ویڈیو لنک پر فرد جرم کی جائے گی۔ رجسٹرار احتساب عدالت نے نیب کراچی کوانتظامات مکمل کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کی خراب صحت پر بھی ان کے گھر یا اسپتال میں حاضری یقینی بنائی جائے۔ رجسٹرار کی جانب سے 6 جولائی کو کراچی میں موجود دیگر ملزمان کی نیب دفتر میں ویڈیو لنک پر حاضری یقینی اور ویڈیولنک پرفردجرم عائد کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ خط میں کہاگیاہے کہ انور مجیداور دیگرملزمان کی شناخت کیلئے نیب اپنے نمائندے مقرر کرے، چھ جولائی کوصبح ساڑھے نو بجے ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے گی۔




