
اسلام آباد: احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں نیب کو نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف حتمی ریفرنس دائر کرنے کی آخری مہلت دے دیدی ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی کیس پر سماعت کی، سماعت سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور عظمی عادل سمیت دیگر ملزمان نے کمرہ عدالت میں حاضریاں لگوائی۔وکیل شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ دو سال تک نیب مختلف سوالات ہمیں دیتے رہے، اس کے علاوہ ان کے موکل کو ساڑھے چھ ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود نیب ریفرنس دائر نہیں کر سکا، ہمارے ساتھ ایسا تماشا نہ لگایا جائے اور جب تک نیب ریفرنس دائر نہیں کرتا تب تک سماعت ملتوی کی جائے۔نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ریفرنس مکمل کرنے کے لئے مزید تین سے چار ہفتے درکار ہوں گے،ضمنی ریفرنس کی حد تک ملزمان کی آج حاضری مکمل ہوئی ہے، عدالت فرد جرم عائد کرنا چاہتی ہے تو نیب کو اعتراض نہیں، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ جب ضمنی ریفرنس آئے گا تب ہی فرد جرم عائد کی جائے گی۔احتساب عدالت نے نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف تفتیش مکمل کرنے اور حتمی ریفرنس دائر کرنے کی مزید مہلت دیتے ہوئے کہا کہ حتمی ریفرنس دائر کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے۔ نیب تفتیش مکمل کرکے 6 اگست کو حتمی ریفرنس دائر کرے۔




