نیشنل ٹی 20 کپ کے چیمپئن کا فیصلہ آج ہو گا، شائقین پرجوش

لاہور : نیشنل ٹی 20 کپ کے چیمپئن کا فیصلہ آج ہو گا، سینٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ پرجوش شائقین نتیجے کا بے چینی سے انتظار کر نے لگے۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں کرکٹ کا جنون، قذافی اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل مقابلہ ہو گا جس میں سینٹرل پنجاب اور دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا کا ٹاکرا ہو گا۔ ٹائٹل مقابلہ رات ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔
ٹیموں کی تیاریاں مکمل، ورلڈ کپ اسکواڈ کے قومی پلیئرز کی علیحدگی کے بعد نئے کپتان وہاب ریاض اور افتخار احمد کے جوش و جذبے کا امتحان ہے۔
گذشتہ دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کے ایک سو بیالیس رنز کے ہدف کو سینٹرل پنجاب نے اٹھارہویں اوور میں تین وکٹ پر پورا کر لیا۔ کامران اکمل نے اکاون رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، زبردست بولنگ پر قاسم اکرم مین آف دی میچ قرار پائے۔
پہلے میچ میں ناردرن نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹ پر 156 رنز جوڑے، خیبر پختونخوا نے انیس اعشاریہ ایک اوور میں ہدف پورا کر کے پانچ وکٹ سے فتح سمیٹی۔ صاحبزادہ فرحان کے شاندار ترپن رنز، کپتان افتخار احمد کو آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔




