بارش کے بعد سپر ہائے وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی صورتحال انتہائی خراب، بیوپاری پریشان
کراچی : کراچی میں باران رحمت برسی تو اس نے انتظامیہ کا پول بھی کھول دیا ، جہاں شہر ڈوبا ہوا دکھائی دیا وہیں کراچی میں سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی صورت حال بھی کافی خراب نظر آئی۔ سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بیوپاری پریشان ہوگئے اور منڈی میں بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ کیچڑ کی وجہ سے بھی منڈی کی حالت ناقابل بیان ہے۔ منڈی میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی فٹ پانی کھڑا ہے اور بیوپاری کھلے آسمان تلے خریداروں کے منتظر ہیں۔ دوسری جانب منڈی انتظامیہ کی جانب سے سکشن پمس کی مدد سے منڈی کو جلد صاف کر کے بیوپاریوں اور خریداروں کو سہولیات فراہم کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔