سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست پر 15 جولائی تک فیصلہ کی ہدایت، پندرہ جولائی تک رپورٹ طلب
اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست پر وزارت داخلہ کو پندرہ جولائی تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ویزے کی معیاد ختم ہونے پر سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے کے لئے دائر پیپلز پارٹی کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت کے استفسار پر ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے بتایا کہ آٹھ جولائی کو وزارت داخلہ میں فریقین کو طلب کیا تھا لیکن درخواست گزار کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔ سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے وکیل نے پیش ہوکر وقت مانگا ہے۔ ہم فیصلہ کرنے کے لیے تیار تھے لیکن پٹیشنر کے پیش نہ ہونے پر معاملہ لٹک گیا۔ پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے اپنا کیس وزارت داخلہ میں جمع کرا دیا ہے۔عدالت نے وزارت داخلہ کو سنتھیا رچی کے خلاف درخواست کا قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پندرہ جولائی تک رپورٹ طلب کرلی۔