اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت فراہم کی گئی،حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دیگی،عثمان ڈار

0 28

سوات(این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت فراہم کی گئی، حکومت ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی۔سوات کی برفیلی وادی مالم جبہ میں اسکی اسپورٹس گالہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے شرکت کی۔معاون خصوصی نے قومی پرچم تھام کر زپ لائن کے مزے لیے اور اسکیئنگ بھی کی۔ انہوں نے تقریب میں حصہ لینے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ جنت نظیر وادی مالم جبہ میں پہلی بار آنے کا اتفاق ہوا، ایسے حسین اور دلفریب نظارے لندن، پیرس اور سوئٹزر لینڈ میں نہیں دیکھے،پختونخواہ حکومت نے کھیل و سیاحت کے فروغ کا زبردست انتظام کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے سیاحتی وڑن کو بڑھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت بھی فراہم کی گئی۔ امید ہے یہ نوجوان ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی، سیاحت کے شوقین افراد سے گزارش ہے مالم جبہ ضرور آئیں، سیاحت کے شوقین افراد کو ایسے خوبصورت مناظر کہیں نہیں ملیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.