
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عورت مارچ کے معاملے پر ثابت ہو گیا پی ٹی آئی جماعت اسلامی کا جدید نمونہ ہے، عورت مارچ پر مسلم لیگ نون کی خاموشی رجعت پسندانہ سوچ کی عکاس ہے، بلاول بھٹو خواتین کے حقوق کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں،سندھ حکومت عورت مارچ کا مکمل تحفظ فراہم کرے گی ۔جمعہ کو اپنے بیان میں ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ عورت مارچ کے معاملے پر نون لیگ اور تحریک انصاف ایک صفحے پر آ گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کھل کر خواتین کے حقوق کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عورت مارچ پر مسلم لیگ نون کی خاموشی رجعت پسندانہ سوچ کی عکاس ہے ، عمران خان کو تو پہلے دن ہی گڈ لکنگ جماعت اسلامی کا خطاب ملا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عورت مارچ کے معاملے پر ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی جماعت اسلامی کا جدید نمونہ ہے،جو لوگ پی ٹی آئی کو ترقی پسند جماعت سمجھے تھے وہ مایوس ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب خواتین، مزدور اور کسان کے حق کی بات ہوتی ہے یہ سارے رجعت پرست مخالفت میں کھڑے ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وہ واحد قومی لیڈر ہیں جو خواتین کے حقوق کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں ۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ترقی پسند اور روشن خیال معاشرے کی قیام کیلئے سب بلاول بھٹو کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکمران پاکستان میں ملائیت کو پروان چڑھا رہے ہیں جس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حقوق کی کسی بھی تحریک پر طرح طرح کے الزام لگانا رجعت پرستوں کا پرانا وطیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عورت مارچ کا مکمل تحفظ فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتیں بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں اور عورت مارچ کو تحفظ دیں۔




