
اسلام آباد (این این آئی)صومالی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈئیرجنرل محمد شیخ علی نے ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں صومالی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی حالیہ عرصے میں جدیدیت اور خود ا نحصاری کی کاوشوں کو سراہا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے صومالیہ کی فضائیہ کو فوجی تربیت میں بھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔ ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور تبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں معزز شخصیات نے دونوں فضائی افواج کے درمیان موجود مثالی باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔



