رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا فیصلہ بہت بڑا قدم ہے ، عارف علوی
اسلام آباد : رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا فیصلہ وزیراعظم کا بہت بڑا قدم ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کہتے ہیں قرآن مجید،اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہم دنیا کی طاقتور ترین قوم بن سکتے ہیں۔ علمائے کرام عبادات کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کی تربیت بھی دیں۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم کا رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کا فیصلہ بہت بڑا قدم ہے، اس ضمن میں سب سے پہلے علمائے کرام عبادات کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کی تربیت دیں، وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے تصور رکھتے ہیں اور وہ علماءکی مدد کے منتظر ہیں تاکہ ملک کو فلاحی ریاست بنایا جاسکے اس سلسلہ میں ریاست پاکستان کا حکمران آپ کی طرف ہاتھ بڑھا رہا ہے ۔
کانفرنس میں معلوماتی اور ایمان کو تازہ کرنے والی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ اللہ نے وزیر اعظم کے دل میں نبی ﷺ کی محبت رکھی ہے جب نبی ﷺ کا ذکر آتا ہے ہمارے سر تعظیم میں جھک جاتے ہیں ،بچوں کو ہمیں بتانا ہوگا کہ اپنا رول ماڈل نبی ﷺ کو بنائیں اس وقت بچوں کے ذہن میں رول ماڈل نبی ﷺ کی ذات کو نہیں بتایا جاتا ہے۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہر سال ہم عقیدت و محبت، جوش اور جذبہ سے عید میلاد النبی ﷺ مناتے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نو ر الحق قادری نے کہا ہے کہ رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں اور یہ اتھارٹی اس وژن کی عکاس ثابت ہوگی اس ضمن میں علما ءکرام کا کردار انتہائی ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جا سکے